ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / آسام: این آرسی کا ڈیٹا محفوظ: وزارت داخلہ

آسام: این آرسی کا ڈیٹا محفوظ: وزارت داخلہ

Wed, 12 Feb 2020 19:25:41    S.O. News Service

نئی دہلی،12/فروری(آئی این ایس انڈیا) مرکزی حکومت نے بدھ کو کہا کہ آسام میں این آرسی کا ڈیٹا محفوظ ہے حالانکہ کچھ تکنیکی مسائل سامنے آئے لیکن انہیں جلد ہی حل کر لیا جائے گا۔مرکزی وزارت داخلہ کی یہ وضاحت ان خبروں کے پیش نظر آئی ہے کہ قومی شہری رجسٹر کی آخری فہرست کا ڈیٹا اس کی سرکاری ویب سائٹ سے آف لائن ہو گیا ہے۔وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہاکہ این آرسی ڈیٹا محفوظ ہے۔ کلاؤڈ پر کچھ تکنیکی مسائل دیکھے گئے۔انہیں جلد ہی حل کیا جا رہا ہے۔کچھ دنوں کے لئے ڈیٹا دستیاب نہیں تھا اور اس سے عوام، خاص طور سے ان لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوہو گیا جنہیں فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے کیونکہ انہیں فہرست سے باہر کئے جانے کا سرٹیفکیٹ ابھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔این آرسی کی ریاست کنوینر ہتیش دیو شرما نے مانا کہ ڈیٹا آف لائن ہو گیا ہے لیکن انہوں نے اس کے پیچھے کسی طرح کی بدنیتی کے الزام کو مسترد کیا۔بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے لئے کلاؤڈ سروس آئی ٹی کمپنی وپرو نے مہیا کرائی تھی اور ان کا معاہدہ گزشتہ سال 19 اکتوبر تک کا تھا۔بہرحال سابق کنوینر نے اس معاہدہ کی تجدید نہیں کی۔شرما نے بتایا کہ اس لیے وپرو کی طرف سے معطل کئے جانے کے بعد 15 دسمبر سے ڈیٹا آف لائن ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی کنوینر کمیٹی نے 30 جنوری کو اپنے اجلاس میں ضروری رسم پوری کرنے کا فیصلہ کیا اور فروری کے پہلے ہفتے کے دوران وپرو کو خط لکھا۔شرما نے کہاکہ ایک بار جب وپرو ڈیٹا کو آن لائن کر دے گی تو یہ عوام کے لئے دستیاب ہو جائے گا۔ ہمیں امید ہے کہ لوگوں کو اگلے دو تین دنوں میں ڈیٹا دستیاب ہو جائے گا۔این آرسی کی آخری فہرست 31 اگست 2019 کو شائع ہونے کے بعد اصلی ہندوستانی شہریوں کو شامل کئے جانے اور باہر کئے گئے لوگوں کی مکمل معلومات اس سرکاری ویب سائٹhttp://www.nrcassam.nic.inپر اپ لوڈ کی گئی۔


Share: